حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) بی جے پی ہائی کمان نے تلنگانہ پارٹی قائدین میں ناراضگی دور کرنے کیلئے سابق صدر بنڈی سنجے کو پارٹی کا قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے جبکہ ڈی ارونا کو قومی نائب صدر کے عہدہ پر برقرار رکھا گیا ہے۔ بنڈی سنجے کی صدارت سے اچانک علحدگی کے نتیجہ میں کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین میں بے چینی دیکھی جارہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے نے مرکزی کابینہ میں شمولیت کی درخواست کی تھی لیکن امیت شاہ نے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے عہدہ کا پیشکش کیا کیونکہ کابینہ میں شمولیت کیلئے وزیر اعظم کی منظوری ضروری ہے۔ بنڈی سنجے کے حامی ہائی کمان کے فیصلہ سے خوش ہیں لیکن اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین اس فیصلہ سے ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بنڈی سنجے کو آندھرا پردیش امور کا انچارج مقرر کیا جاسکتا ہے۔ آندھرا پردیش میں موجودہ انچارج سنیل دیودھر کو قومی عاملہ سے علحدہ کردیا گیا جس کے بعد جگن موہن ریڈی حکومت کے خلاف جدوجہد کیلئے بنڈی سنجے کو انچارج مقرر کرنے کی اطلاعات گشت کررہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کے آندھرا قائدین سنیل دیودھر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔