سیاسی مقصد براری کیلئے یاترا کا الزام، ٹی آر ایس رکن اسمبلی وینکٹ رمنا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی جی وینکٹ رمنا ریڈی نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی سنگرام یاترا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس یاترا سے عوامی مسائل کی یکسوئی ممکن نہیں ہے صرف ٹی آر ایس حکومت کے خلاف الزام تراشی اور سیاسی مقصد براری کیلئے یہ یاترا شروع کی گئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ رمنا ریڈی نے کہا کہ اگر بی جے پی قائدین کو یاترا کرنی ہو تو دہلی میں کرنا چاہیئے کیونکہ نریندر مودی حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جس کے نتیجہ میں مہنگائی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے تلنگانہ کو فنڈز کی مناسب حصہ داری یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے اور بی جے پی قائدین خاموش ہیں۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے اقدامات کو برداشت کرنے سے قاصر ہیں اور وہ الزام تراشی کی مہم پر ہیں۔ اپنی سیاسی دکان بچانے کیلئے اپوزیشن حکومت کے خلاف بیان بازی کررہی ہے۔ بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کو مودی سنگرام یاترا میں تبدیل کیا جانا چاہیئے۔ بنڈی سنجے کی یاترا کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے سنجے نے مرکز سے تلنگانہ کیلئے کتنا فنڈ حاصل کیا ہے اس کی وضاحت کی جائے۔ انہوں نے کریم نگر پارلیمانی حلقہ کیلئے مرکز سے کتنے فنڈز حاصل کئے۔ مرکزی حکومت نے زرعی بلز کی منظوری کے ذریعہ کسانوں کے خلاف کھلی پالیسی اختیار کی ہے اور زرعی شعبہ میں کارپوریٹ کمپنیوں کی مداخلت کی راہ ہموار کی گئی۔ انہوں نے ہریانہ میں کسانوں پر لاٹھی چارج کی مذمت کی اور کہا کہ لاٹھی چارج کے ذریعہ کسانوں کے احتجاج کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں کسانوں کے ساتھ ناانصافیوں کا حوالہ دیا۔R