سیاسی مفاد پرستی کیلئے امن و امان کو بگاڑنے کی سازش کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/15 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کا ذہنی توازن بگڑ چکا ہے۔ 125 فیٹ بلند مجسمہ امبیڈکر کی تنصیب کے بعد بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور ریاست میں سیاسی فائدہ کیلئے امن کو بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے جس کو کے سی آر حکومت آہنی پنجہ سے کچل دے گی۔ کے ایشور نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں کے سی آر سے سیاسی طور پر مقابلہ کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے جس کے بعد وہ ہر مسئلہ کو مذہب سے جوڑتے ہوئے ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کو بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ پیپر افشاء میں ملوث بنڈی سنجے اقلیتوں اور دلت طبقات کی ترقی و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے معاملے میں بات کرنے کا بھی اخلاقی حق نہیں ہے۔ تلنگانہ کے نو تعمیر شدہ سکریٹریٹ کو چیف منسٹر کے سی آر نے بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کیا ہے، اگر بی جے پی کو دلتوں سے ذرا سی بھی ہمدردی ہے تو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو امبیڈکر سے موسوم کرے۔ تلنگانہ حکومت کے خلاف جو تنقیدیں کی ہیں اس پر بنڈی سنجے کو چیف منسٹر کے سی آر سے معذرت خواہی کرنے کا مشورہ دیا اور آئندہ سے اپنی زبان پر قابو رکھنے کو کہا ورنہ تلنگانہ کے عوام بی جے پی کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ن