حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے سے فون پر بات کی اور حضورآباد میں ایٹالہ راجندر کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ امیت شاہ نے نرمل میں جلسہ عام میں ایٹالہ راجندر کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی تھی۔ امیت شاہ نے آج بنڈی سنجے کو فون کیا اور راجندر کی کامیابی میں قائدین اور کارکنوں کی محنت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی محنت سے حضورآباد میں بی جے پی کو کامیابی ملی ۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا نے بھی بنڈی سنجے کو مبارکباد پیش کی۔ اسی دوران آج صبح ہی سے بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر پر پارٹی کارکنوں نے جشن کا آغاز کردیا۔ کارکنوں نے ابتدائی مرحلوں کے بعد ہی جشن کا آغاز کردیا۔ پارٹی دفتر پر سینکڑوں کارکن جمع ہوگئے جنہوں نے نہ صرف مٹھائیاں تقسیم کی بلکہ آتشبازی بھی کی۔ کارکنوں نے رقص کرکے کامیابی کا جشن منایا۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے کو کارکنوں نے کندھوں پر اٹھالیا اور کامیابی پر مبارکباد دی۔ آتشبازی، باجہ اور رقص و سرور کے نتیجہ میں ٹریفک میں خلل پڑا۔