بنڈی سنجے کو حیدرآباد میں ملنیم مارچ کے بجائے دہلی میں بلین مارچ کرنے کا چیلنج

   

بی جے پی کی فرضی سوشیل میڈیا مہم کا منھ توڑ جواب دینے پر زور : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ملازمتوں کے لیے حیدرآباد میں ملنیم مارچ منعقد کرنے کے بجائے دہلی میں بلین مارچ کرنے کا تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو چیلنج کیا ۔ بی جے پی سوشیل میڈیا کے جھوٹ کا منھ توڑ جواب دینے کا ٹی آر ایس کیڈر کو مشورہ دیا ۔ یادگیر گٹہ میں ٹی آر ایس کی محاذی تنظیموں یوجن ، ودیارتھی ، اسمبلی حلقہ ٹی آر ایس قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ملازمتوں کی فراہمی کے معاملے میں ٹی آر ایس عہد کی پابند ہے ۔ تاحال 1.30 لاکھ سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ہیں ۔ 15 لاکھ سے زائد خانگی شعبوں میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ مزید 50 تا 60 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ جی او 317 اسی کا حصہ ہے ۔ مقامی نوجوانوں کو صد فیصد ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے صدارتی حکمنامہ کا احترام کرتے ہوئے تقررات کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جس کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی مقامی نوجوانوں کو روزگار سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سال میں 2 کروڑ نئی ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس طرح ساڑھے 7 سال کے دوران ملک کے 15 کروڑ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم ہونا چاہئے ۔ کیا مرکزی حکومت نے اپنے وعدے کو پورا کیا ہے تاحال مرکزی حکومت نے کتنے ملازمتیں فراہم کی ہیں اس پر وائیٹ پیپر جاری کریں ۔ بنڈی سنجے نے حیدرآباد میں ملنیم مارچ نہیں دہلی میں بلین مارچ کا انعقاد کریں ۔ ملک کی تمام ریاستوں سے اس احتجاج کو تائید حاصل ہوگی ۔ مرکز میں 15 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ اس پر کب تقررات کئے جارہے ہیں ۔ اس کی وضاحت کی جائے ۔ ہریش راؤ نے دیہی ضمانت روزگار کے فنڈز میں کٹوتی کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ مرکزی حکومت سے تلنگانہ کو کوئی تعاون حاصل نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ بی جے پی کی فرضی سوشیل میڈیا مہم کا منھ توڑ جواب دینے پر زور دیا ۔۔ ن