الیکشن سے قبل تبدیلی کا کوئی امکان نہیں
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر کشن ریڈی نے تلنگانہ میں بی جے پی کی قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے اس معاملہ میں وضاحت کی کہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے اور بی جے پی ہائی کمان نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں کو قیادت میں تبدیلی کے بارے میں الجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے اس طرح کی غلط اطلاعات پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی موجودہ صورتحال اور اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر بات چیت کے لئے ایٹالہ راجندر اور راج گوپال ریڈی نے ہائی کمان سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کو تبدیل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور سینئر قائدین نے ہائی کمان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چار ماہ میں اسمبلی انتخابات ہوں گے، ایسے میں صدارت میں تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ر