ہنمکنڈہ مقامی عدالت میں سنجے کو راحت
حیدرآباد۔27۔اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کو ہنمکنڈہ مقامی عدالت سے راحت ملی ہے۔ ایس ایس سی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں عدالت کی جانب سے دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے داخل کی گئی درخواست کو ہنمکنڈہ کورٹ نے مسترد کردیا۔ پولیس نے بنڈی سنجے کو اہم ملزم کے طور پر شامل کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے انہیں ضمانت منظور کی ۔ پولیس کی درخواست پر آج سماعت کی اور عدالت نے ضمانت کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کی درخواست کو مسترد کردیا۔ واضح رہے کہ پولیس نے 5 اپریل کو بنڈی سنجے کو ایس ایس سی امتحانی پرچہ جات افشاء معاملہ میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا ۔ ایس ایس سی پرچہ جات کے افشاء کے بعد انہیں بنڈی سنجے کے واٹس ایپ پر روانہ کیا گیا تھا ۔ عدالت نے 6 اپریل کو ضمانت منظور کی جس کے بعد بنڈی سنجے جیل سے رہا ہوئے اور آج تک بھی ضمانت پر ہیں۔ پولیس نے ضمانت کی منسوخی کیلئے 17 اپریل کو درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت آج فورتھ ایڈیشنل منصف مجسٹریٹ کے اجلاس پر ہوئی ۔ عدالت نے آئندہ چہارشنبہ کو دوبارہ سماعت مقرر کی ہے۔ بنڈی سنجے کی جانب سے ایل روی چندر نے پیروی کی۔ر