بنڈی سنجے کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی : جیون ریڈی

   

تلنگانہ میں بی جے پی کو مغربی بنگال کے طرز پر سیاسی تشدد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی و صدر نشین پی یو سی کمیٹی اے جیون ریڈی نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے پر غنڈہ گردی کرنے اور بنگال کے طرز پر تشدد پر مبنی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ آج ٹی آر ایس ایل پی آفس اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی سے استفسار کیا کہ جب پنجاب سے مکمل چاول خریدا جارہا ہے تو تلنگانہ سے چاول خریدنے سے مرکزی حکومت کیوں انکار کررہی ہے ۔ بی جے پی کے قائدین فیصلہ کرلیں کہ انہیں کسانوں سے پھولوں کا ہار چاہئیے یا پتھر ۔ پہلے بی جے پی کے قائدین مرکز پر دباؤ ڈالتے ہوئے پانی میں بھیگے ہوئے دھان خریدنے کا تیقن دلائے پھر دھان خریدی کے مراکز کا دورہ کریں ۔ بی جے پی کے قائدین کسانوں پر حملہ کررہے ہیں اور پھر ان پر حملہ ہونے کی گورنر سے شکایت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے طرز پر تلنگانہ میں بی جے پی کو تشدد کی سیاست کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ بی جے پی کسانوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لے ۔ اگر یہی صورتحال رہی تو کسان بی جے پی کے خلاف بغاوت کردیں گے ۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا وہ تاریخ میں جھانک کر دیکھ لیں ۔ کانگریس اور تلگو دیشم نے کسانوں کے جذبات سے کھلواڑ کیا ۔ آج ان کا انجام کیا ہے اگر بی جے پی بھی یہی پالیسی اپنائے گی تو ان کا بھی وہی انجام ہوگا جو کانگریس اور تلگو دیشم کا ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے تاحال 1800 کروڑ روپئے کا دھان کسانوں سے خریدا ہے ۔۔ ن