بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کے چوتھے مرحلہ کا آج ملکاجگیری سے آغاز

   


حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کا چوتھا مرحلہ کل 12 ستمبر سے شروع ہورہا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں وہ 10 دن تک یاترا جاری رکھتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں عوام سے ملاقات کریں گے۔ ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے بنڈی سنجے کی یاترا شروع ہورہی ہے جس کی نمائندگی صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کرتے ہیں۔ وہ ملکاجگیری پارلیمانی حلقہ کے 8 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔ وہ قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ میں واقع مندر سے اپنی پدیاترا شروع کریں گے جو پدا عنبرپیٹ میں اختتام کو پہنچے گی جس کے دوران وہ کوکٹ پلی، کنٹونمنٹ، ملکاجگیری، میڑچل، اوپل، ایل بی نگر اور ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے۔ اختتامی جلسہ عام میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری سنیل بنسل کو مدعو کیا گیا ہے۔ نوراتری تقاریب کے سبب یاترا کو صرف دس دن تک کیلئے محدود کیا گیا اور توقع ہے کہ وہ ان حلقہ جات میں موجود آندھرائی عوام پر توجہ مرکوز کریں گے۔