بنڈی سنجے کے خلاف ناراض سرگرمیاں ‘قیادت برہم

   

ٹی آر ایس سے بعض قائدین کی خفیہ مفاہمت کا الزام
حیدرآباد۔14۔ جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس حکومت کے خلاف بنڈی سنجے کی سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے برسر اقتد ار پارٹی نے نظام آباد اور کریم نگر کے بعض بی جے پی قائدین کو متحرک کردیا ہے۔ دونوں اضلاع کے بی جے پی قائدین نے حال ہی میں خفیہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بنڈی سنجے کی سرگرمیوں پر نکتہ چینی کی ۔ بی جے پی اعلیٰ قیادت کو جب ان سرگرمیوں کی اطلاع ملی تو ریاستی یونٹ سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی اعلیٰ قیادت نے کریم نگر اور نظام آباد کے بی جے پی قائدین پر ناراضگی کا اظہار کیا جنہوں نے خفیہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاستی قیادت پر تنقید کی۔ ہائی کمان کو اجلاس میں شرکت کرنے والے قائدین کی تفصلات کے ساتھ رپورٹ روانہ کی گئی ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ بعض قائدین نے ٹی آر ایس سے خفیہ مفاہمت کرلی ہے تاکہ بنڈی سنجے کے خلاف ماحول تیار کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق سنکرانتی کے بعد ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی جائے گی جس کی بنیاد پر تادیبی کارروائی کا امکان ہے۔ تلنگانہ بی جے پی قائدین کی اکثریت بنڈی سنجے کے ساتھ ہے اور ایسے وقت جبکہ مرکزی قیادت نے کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد کی ہدایت دی ہے ، بعض قائدین کی سرگرمیاں بنڈی سنجے کے لئے درد سر بنتی جارہی ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ بی جے پی قیادت ناراض قائدین کے ساتھ کیا رویہ اختیار کرے گی۔ر