واپس جاؤ کے نعرے ، پولیس کا لاٹھی چارج ، سوریہ پیٹ میں کشیدگی
حیدرآباد۔16۔نومبر (سیاست نیوز) متحدہ نلگنڈہ ضلع میں بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کے دورہ کے دوسرے دن بھی کشیدگی کا ماحول رہا۔ پہلے دن کی طرح آج دوسرے دن بھی سوریہ پیٹ میں ٹی آر ایس کارکنوں نے کسانوں کے ساتھ مل کر بنڈی سنجے کا راستہ روکنے کی کوشش کی ۔ سوریہ پیٹ کے اروا پلی میں واقع دھان کی خریدی کے مرکز کا جائزہ لینے کیلئے بنڈی سنجے پہنچے تھے۔ ٹی آر ایس کے کارکنوں نے کسانوں کے ساتھ مل کر احتجاج منظم کیا جس کے نتیجہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بی جے پی کارکنوں پر سنگباری کی گئی۔ صورتحال سے نمٹنے میں پولیس کو دشواری پیش آئی۔ اطلاعات کے مطابق بنڈی سنجے کے استقبال کیلئے موجود بی جے پی کارکنوں پر ٹی آر ایس کارکنوں نے لاٹھیوں سے حملہ کی کوشش کی ۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متصادم گروپس کو منتشر کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا ۔ صبح میں ایک اور گاؤں میں بنڈی سنجے کے قافلہ کے گزرنے کے موقع پر ٹی آر ایس کارکنوں کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔ بنڈی سنجے کے خلاف واپس جاؤ کے نعرے لگائے گئے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ واضح رہے کہ بنڈی سنجے نلگنڈہ اور سوریہ پیٹ اضلاع کے دو روزہ دورہ پر ہیں تاکہ دھان کی خریدی کا جائزہ لے سکیں۔ بنڈی سنجے سوریہ پیٹ ضلع کے آتماکور پہنچے جہاں ٹی آر ایس کارکن احتجاج کیلئے موجود تھے۔ بڑی تعداد میں کسان اور ٹی آر ایس کارکن سیاہ پرچموں کے ساتھ مظاہرہ کر رہے تھے ۔ پولیس نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کارکنوں میں تصادم کو ٹالنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا ۔ دورہ کے پہلے دن بھی نلگنڈہ میں کل بنڈی سنجے کا قافلہ پر حملہ کیا گیا تھا ۔ سنگباری اور انڈوں سے حملہ میں بعض گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور بی جے پی کے بعض کارکن زخمی ہوئے۔ پولیس نے فریقین کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ ر