بنکاچرلہ پراجکٹ سے تلنگانہ کو کوئی نقصان نہیں: چندرا بابو نائیڈو

   

حیدرآباد : 24 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے واضح کیا کہ پولاورم اور بنکا چرلہ پراجکٹس سے تلنگانہ کے آبی مفادات کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ آندھراپردیش کابینہ کا اجلاس آج چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 42 ایجنڈا ایٹمس کا جائزہ لیا گیا۔ پولاورم اور بنکا چرلہ پراجکٹس کے خلاف تلنگانہ حکومت کے اعتراضات کو چندرا بابو نائیڈو نے غیر ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے بنکا چرلہ آبی پراجکٹ سے تلنگانہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ کیوں کہ آندھراپردیش فاضل پانی استعمال کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے تمام شبہات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم اور بنکا چرلہ پراجکٹس کے ذریعہ گوداوری کے فاضل پانی کے استعمال کا منصوبہ ہے جو سمندر میں بہہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی جانب سے کئی پراجکٹس اجازت کے بغیر تعمیر کئے گئے لیکن آندھراپردیش نے کبھی اعتراض نہیں کیا۔1
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام قائدین ایک آواز میں آندھرائی پراجکٹس کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزراء اور قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ عوام کے شبہات کو دور کریں۔1