نیپیدا؍ بنکاک : میانمار اور تھائی لینڈ میں جمعہ کے دن 7.7 شدت کے تباہ کن زلزلہ اور اس کے بعد 6.8 شدت کے مابعد زلزلہ جھٹکے سے زائد از 150 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے علاوہ دیگر خطوں میں مجموعی طور پر کئی سو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کئی فلک بوس عمارتیں زلزلے کے نتیجے میں زمین دوز ہوگئی ہیں۔ اس قدرتی آفت میں میانمار کے شہر منڈالے کی ایک مسجد شہید ہوگئی۔ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔ ساگنگ کے شمال مغرب میں 10 کیلومیٹر کی گہرائی میں آنے والے اس زلزلہ کے جھٹکے سارے میانمار‘ تھائی لینڈ‘ شمال مشرقی ہند اور چین کے حصوں میں محسوس کئے گئے۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ بنکاک میں میٹرو اور ٹرین سروس عارضی طورپر معطل کرنی پڑی۔شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ وزیراعظم تھائی لینڈ شنواترا نے فوری ایمرجنسی میٹنگ طلب کی اور دارالحکومت میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا۔ میانمار میں صورتِ حال سنگین ہے۔ وہاں کئی عمارتیں ڈھیر ہوگئیں۔ انفراسٹراکچر کو نقصان پہنچنے کی خبر ہے۔ منڈالے اور ینگون کے درمیان سڑک رابطہ منقطع ہوگیا جس سے ریلیف سرگرمیوں میں رکاوٹ آرہی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارتیں ہل رہی ہیں اور لوگ جان بچانے بھاگ رہے ہیں۔ایمرجنسی ورکرس ملبہ میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی انتھک کوشش کررہے ہیں۔ میانمار میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا۔ امداد کے لئے بین الاقوامی اپیل بھی کی گئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے میانماراور تھائی لینڈ کو تیقن دیا ہے کہ بھرپور مدد کی جائے گی۔ وزارت ِ خارجہ ہند سے کہا گیا ہے کہ وہ میانمار اور تھائی لینڈ کی حکومتوں سے رابطہ میں رہے۔ میانمار میں حکام نے بڑے پیمانہ پر رسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔
زلزلے کا وزیر اعظم کے تھائی لینڈ
کے دورے پر کوئی اثر نہیں ہوا
نئی دہلی: تھائی لینڈ اور میانمار میں جمعہ کو آنے والے تباہ کن زلزلے سے 4 اپریل کو بنکاک میں ہونے والی 6ویں بمسٹیک سربراہی کانفرنس اور وزیر اعظم نریندر مودی کے 3 اپریل کو تھائی لینڈ اور سری لنکا کے سکریٹری خارجہ کے دورے کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے ۔ امور خارجہ جے دیپ مجمدار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم کے دورہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے یہ بات کہی۔مجمدار نے کہاکہ “وزیر اعظم مودی 6ویں بمسٹیک چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے 3 سے 4 اپریل تک تھائی لینڈ کا سرکاری دورہ کریں گے ۔ یہ وزیر اعظم کا تھائی لینڈ کا تیسرا دورہ ہوگا۔بحرالکاہل اور بمسٹیک میں ایک انتہائی قابل قدر شراکت دار وزیر اعظم تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پٹونگٹرن شیناواترا کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے جو انہوں نے گزشتہ سال 11 اکتوبر کو وینٹائن میں منعقد کی تھی۔
میگھالیہ میں زلزلے کے جھٹکے
شیلانگ: میگھالیہ کے مشرقی گارو ہلز ضلع میں جمعہ کی سہ پہر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) نے یہ اطلاع دی۔این سی ایس کے مطابق جمعہ کی دوپہر 1.03 بجے مشرقی گارو ہلز میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چار ریکارڈ کی گئی۔این سی ایس نے کہا کہ زلزلے کا مرکز 25.57 ڈگری شمالی عرض البلد اور 90.58 ڈگری مشرقی طول البلد پر زمین کی سطح سے پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔تاہم زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔