بنگالی عازمین حج کے پہلے قافلہ کی سعودی عرب آمد

   

ریاض : سعودی عرب کی طرف سے دْنیا کے مختلف مسلمان ممالک کے عازمین حج کیلئے شروع کردہ’روڈ ٹو مکہ‘ اقدام کے تحت بنگلہ دیش سے پہلا قافلہ گذشتہ روز مملکت میں پہنچا۔ بنگلہ دیش کے عازمین حج پر مشتمل قافلہ کل جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر پہنچا۔ جمہوریہ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کا اس پراجکٹ کے ذریعہ حجاز مقدس کے سفر کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ عازمین حج کا یہ قافلہ ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے روانہ ہوا جبکہ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈہ پران کا استقبال ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ سرویس اور شاہراہ مکہ اقدام کی نگران کمیٹی کے چیرمین لیفٹیننٹ جنرل سلیمان الیحیی، جدہ میں بنگلہ دیش کے قونصل جنرل محمد نجم الحق اور دیگر نے کیا۔میڈیاکے مطابق اس سال 1443ھ کو جمہوریہ بنگلہ دیش میں ’روڈ ٹو مکہ‘ اقدام کا آغاز 1440ھ کے بعد 5 مسلمان ممالک کے عازمین حج کیلئے کیا گیا ہے۔ اس میں پاکستان کے علاوہ ملائیشیا، انڈونیشیا اور مراکش شامل ہیں۔ یہ اقدام ’’ضیوف الرحمن‘‘ سروس پروگرام کے اقدامات میں سے ایک ہے جو مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔