بنگال اور آسام میں آج تیسرے مرحلہ کی رائے دہی

   

Ferty9 Clinic

کیرالا اسمبلی کیلئے آج ریاست گیر پولنگ

کولکتہ / گوہاٹی: جاریہ اسمبلی الیکشن کے تحت مغربی بنگال اور آسام میں منگل 6 اپریل کو تیسرے مرحلہ کی پولنگ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بنگال میں غیر معمولی 8 مراحل میں سے یہ تیسرا مرحلہ ہوگا جبکہ آسام میں پولنگ کا تیسرا و آخری مرحلہ ہے۔ بنگال کے تین اضلاع جنوبی 24 پرگنا ، ہگلی اور ہوڑہ کے 31 اسمبلی سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہوگی جبکہ مغربی آسام میں 40 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالی جائیں گے۔ بنگال میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس کو بی جے پی سے سخت مقابلہ درپیش ہے جبکہ آسام میں کانگریس زیر قیادت عظیم اتحاد نے برسر اقتدار بی جے پی کو کافی پریشان کیا ہوا ہے۔ منگل کی پولنگ بی جے پی اور عظیم اتحاد دونوں کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔ کم از کم 13 نشستیں مسلم اکثریتی حلقے ہیں۔ مغربی بنگال میںپولنگ کیپہلے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ اب 6 اپریل کو تیسرے مرحلہ میں 31 سیٹوں پر، 10 اپریل کو چوتھے مرحلہ میں 44 سیٹوں پر، 17 اپریل کو پانچویں مرحلہ میں 45 سیٹوں پر، 22 اپریل کو چھٹے مرحلہ میں 43 سیٹوں پر، 26 اپریل کو ساتویں مرحلہ میں 36 سیٹوں پر اور 29 اپریل کو آٹھویں وآخری مرحلہ میں 35 سیٹوں پر ووٹنگ ہونا ہے۔
تھرواننتاپورم : کیرالا میں کئی ہفتے طویل طوفانی انتخابی مہم، طویل ریالیوں اور زبردست روڈشوز کے بعد منگل کو پولنگ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے۔ ریاست بھر میں 140 اسمبلی حلقوں میں 2.74 کروڑ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے نامی گرامی قائدین اور آزاد امیدواروں کے بشمول 957 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ریاست کے جملہ ووٹروں میں 1,32,83,724 مرد ، 1,41,62,025 خاتون اور 290 مخنث رائے دہندے ہیں۔ گزشتہ شب طوفانی انتخابی مہم کا اختتام ہوا اور اب اس جنوبی ریاست میں خاموش مہم جاری ہے جس میں امیدوار اور پارٹی ورکرس گھر گھر جارہے ہیں ۔ کئی وزراء اور موجودہ ارکان اسمبلی موجودہ ارکان اسمبلی کے علاوہ اپوزیشن کے بڑے قائدین بھی انتخابی قسمت آزما رہے ہیں۔