ملک میں مریضوں کا روز نیا ریکارڈ، جون میں 60 فیصد کیس ، بتدریج خوف کا ماحول
کولکاتا؍ نئی دہلی : کوروناوائرس لاک ڈاؤن ختم ہوگیا اور مرکزی حکومت کی طرف سے ’اَن لاک 1.0‘ جاری ہے لیکن جون کے اواخر تک ملک بھر میں صورتحال یہ ہوگئی ہیکہ روزانہ نئے کوویڈ۔19 کیسوں کا ریکارڈ بنتا جارہا ہے اور مختلف ریاستوں میں خوف کا ماحول بھی پیدا ہورہا ہے۔ جمعہ کو ہندوستان میں 17,296 نئے کورونا کیس درج کئے گئے جو جاریہ مایوس کن ماہ میں ایک روز کے دوران اعظم ترین اضافہ ہے۔ مجموعی طور پر تقریباً5 لاکھ انفیکشن کا لگ بھگ 60 فیصد حصہ جاریہ ماہ جون میں ریکارڈ ہوا ہے۔ مہاراشٹرا، مغربی بنگال، ٹاملناڈو اور آندھراپردیش میں ایک روز کے سب سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں اور کوروناوائرس کیسوں کے معاملہ میں یہ لگاتار ساتواں روز ہیکہ زائد از 14000 معاملہ درج ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال نے 30 جون تک جاریہ تحدیدات کے اختتام سے تقریباً ایک ہفتہ قبل ہی اعلان کردیا کہ کوروناوائرس لاک ڈاؤن میں 31 جولائی تک توسیع کی جارہی ہے۔ اس کے دو روز بعد جمعہ کو چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے مرکز سے اپیل کی کہ کووڈ ہاٹ اسپاٹ والی ریاستوں سے 31 جولائی تک ڈومیسٹک فلائیٹس موقوف رکھے جائیں۔ انہوں نے رات کے کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک لاگو رہے گا جبکہ موجودہ اوقات 9 بجے شب تا صبح 5 بجے ہیں۔ ممتابنرجی نے یہ بھی کہا کہ وہ یکم ؍ جولائی سے میٹرو ریل سرویس کا احیاء کرنا چاہتی ہیں لیکن صرف 100 فیصدی نشستوں کی گنجائش کی حد تک مسافرین کی تعداد محدود ہوگی یعنی کوئی مسافر کھڑے ہوکر سفر نہیں کرے گا۔ گوہاٹی کی اطلاع کے بموجب وزیرصحت ہمانتا بسوا شرما نے جمعہ کو اعلان کیا کہ سارے آسام میں کوویڈ کیسوں میں اچھال کے مدنظر ضلع کامروپ (میٹرو) میں 14 روزہ مکمل لاک ڈاؤن لاگو کیا جائے گا ۔ گوہاٹی سٹی اسی ضلع کا حصہ ہے۔ یہ لاک ڈاؤن 28 جون کی نصف شب سے نافذ کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر ٹاؤنس اور بلدی علاقوں میں ہفتہ کے آخری دن کا لاک ڈاؤن اس وبا کے رہنے تک ہر ہفتہ اور اتوار دو روز لاگو کیا جائے گا۔ مہاراشٹرا میں ایک روز میں 5024 نئے کیس سامنے آئے جبکہ ٹاملناڈو میں 3645 ، اے پی میں 605 اور بنگال میں 542 انفیکشن پائے گئے۔
