بنگال ‘ بی جے پی رتھ یاترا کی روٹ تبدیل

   


کولکاتہ ۔ بی جے پی کو مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں آج اپنی پریورتن یاترا کے روٹ میں تبدیلی کرنی پڑی کیونکہ پولیس نے اس یاترا کو ضلع کے حساس علاقوں میں داخل ہونے سے روک دیا تھا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ضلع بی جے پی لیڈر گوری شنکر گھوش نے تاہم ادعا کیا کہ پارٹی نے انتظامیہ کو پہلے ہی اپنی یاترا کی روٹ کے تعلق سے واقف کروادیا تھا تاہم اس وقت کوئی اعتراض نہیں کیا گیا تھا ۔ رتھ پر نکالی جا رہی پریورتن یاترا کو بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ناڈیا ضلع میں 6 فبروری کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا تھا ۔ یہ یاترا اسمبلی انتخابات سے قبل عوام تک رسائی کیلئے نکالی جا رہی ہے ۔ پارٹی کے ارکان اس یاترا کے دوران عام آدمی سے رابطے کر رہے ہیں اور ان میںمرکزی حکومت کی اسکیمات پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ یہ یاترا بہرامپور جا رہی تھی اور اسے ایک مخصوص روٹ پر جانے سے روک دیا گیا ۔ پولیس کی رکاوٹ کے بعد بی جے پی نے دوسری روٹ سے اپنی یاترا آگے بڑھائی ۔