کولکاتہ ۔ مغربی بنگال بی جے پی نے ریاستی حکومت سے اپنی ایک ماہ طویل رتھ یاترا کیلئے اجازت طلب کی ہے ۔ بی جے پی اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست گیر رتھ یاترا کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی نائب صدر پرتاپ بنرجی نے چیف سکریٹری اے بندو پادھیائے کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے یاترا کا فبروری میں ہی آعاز کیا جانا ہے اور پانچ ریلیاں اس یاترا کے ضمن میں منعقد کی جاسکتی ہیں۔ مغربی بنگال بی جے پی یونٹ نے پرامن سیاسی پروگرام ساری ریاست میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کیلئے حکومت سے اجامت طلب کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو بی جے پی نے عملا پانچ حصوں میں تقسیم کیا ہے اور ان کے تحت تمام اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائیگا ۔ ریلیاں تمام اسمبلی حلقوں میں جائیں گی اور پانچ میں ہر ایک حصے میں ایک بڑی ریلی منعقد کی جائے گی ۔ ہر یاترا میں ایک رتھ شامل رہے گا اور یہ ریاست کے مختلف حصوں کا دورہ کریگا ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ یہ رتھ یاترا جملہ 20 تا 25 دن جاری رہ سکتی ہے ۔ بی جے پی کے کئی اعلی قائدین اس ایک ماہ طویل مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔ یہ یاترا کوچ بہار ‘ جھرگرام اور تارا پیٹھ سے 6 ‘ 8 اور 9 فبروری کو شروع کرنے کا بی جے پی کا منصوبہ ہے ۔