بنگال میں بدعنوانی انتہائی عروج پر : بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا

,

   

ریاست میں تعلیمی صورتحال تشویشناک،شیاما پرساد مکھرجی کے خوابوں کی تکمیل پر زور

کلکتہ۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے آ ج کہا ہے کہ کریمنلائزیشن اور کرپشن مغربی بنگال میں ناقابل برداشت حد تک بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت پر الزام عاید کیا کہ کورونا کے مریضوں کی اطلاع مرکز کو نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ اگلے انتخاب میں ایسی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں ۔نڈانے کہا کہ بنگال میں بدعنوانی اپنے عروج پر ہے ، ہمیشہ کٹ منی کے بارے سنتے ہیں اور اس لئے ضروری ہے کہ آنے والے وقت میں ایسے لیڈروں کے قد کو چھوٹا کردیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیموں میں دھاندلی کی جارہی ہے ،ترنمول کانگریس کے لیڈران لوٹ مار کررہے ہیں اور گزشتہ انتخاب میں اسی وجہ سے لوگوں نے بی جے پی کو 18سیٹوں پر کامیابی دلائی تھی۔نڈا نے الزام عاید کیا کہ امفان طوفان کے بعد امدادی اشیاء کی تقسیم میں ترنمول کانگریس بدعنوانی اور اقربا پروری سے کام لیا ہے اور حق دار لوگوں کو ان کا حصہ نہیں مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج بنگال کی عظمت ختم ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہا ں صور ت حال بہتر ہے۔دہلی سے بنگال میں ورچوئیل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیاما پرساد مکھرجی بنگال کی عظمت کی علامت تھے اور آج حکومت مکھرجی کی وراثت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔مخالفین کو جیل میں ڈالا جارہا ہے اور اس وباء کے دور میں بھی سیاست عروج پر ہے اور بنگال حکومت مرکز کے ساتھ تعاون نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فیڈرل اسٹرکچر پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے مغربی بنگال میں تعلیم کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بنگال کے عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔بنگال میں شیام پرساد مکھرجی کے یوم پیدائش پر منعقد ورچول ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیام پرساد مکھرجی نے بنگال کو بلندی تک پہنچایا ہے ۔ بنگال نے ہمیشہ ملک کی رہنمائی کی ہے مگر آج بنگال میں تعلیم کی صورت حال انتہائی خراب ہوچکی ہے ۔