بنگال میں بی جے پی کے دفتر کو آگ لگا دی گئی

   

کولکتہ: مغربی بنگال میں اس وقت تازہ سیاسی ہلچل مچ گئی جب دارجلنگ ضلع کے سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن کے تحت دبگرام میں بی جے پی کے دفتر کو رات دیرگئے نامعلوم شرپسندوں نے آگ لگا دی۔ بی جے پی قیادت نے الزام لگایا ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے حکمران ترنمول کانگریس کے حمایت یافتہ غنڈے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آگ کا اثر اتنا تھا کہ دفتر کے اندر موجود ہر چیز جل کر خاکستر ہوگئی۔ مقامی بی جے پی لیڈروں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ دفترکو اس مقصد سے نذر آتش کیا گیا تھا کہ علاقے میں اپوزیشن کا ایک بھی دفتر موجود نہ ہو۔ مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری کے مطابق، جب تک ترنمول کانگریس ریاست میں ممتا بنرجی کی وزیر اعلیٰ کے ساتھ اقتدار میں ہے، اس طرح کا تشدد جاری رہے گا۔ ادھیکاری نے کہا اس طرح کے خطرے کا واحد حل ممتا کو ووٹ نہیں اور ترنمول کانگریس کو ووٹ نہیں ہے۔ دوسری طرف ترنمول کے دارجلنگ ضلع صدر ببلو پال نے کہا کہ بی جے پی کی عادت بن گئی ہے کہ وہ بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں اور ہر بات پر سیاست کرتے ہیں۔ پال نے کہا میں ذاتی طور پر موقع پرگیا اور فائر ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی۔