نئی دہلی: مغربی بنگال میں رام نومی اور اس کے بعد ہوئے تشدد کو لے کر ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان گھمسان شدت اختیار کر گیا ہے۔ یہاں ہوئے واقعات کو لے کر شواہد سامنے لانے کا عمل جاری ہے۔ دریں اثنا مرکزی حکومت مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات پر سختی دکھاتی نظر آرہی ہے۔ وزارت داخلہ نے امن و امان کی صورتحال پر ریاستی حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ بنگال بی جے پی کے صدر سکانتو مجمدار کی طرف سے ریاست میں مسلسل تشدد اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھے جانے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ مغربی بنگال میں دفعہ 144 کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کی ریاستی اکائی کے صدر مجمدار کو منگل کو لگاتار دوسرے دن ہگلی ضلع کے فسادات سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات ضلع کے کئی مقامات پر نافذ ہیں، جہاں اتوار کو رام نومی جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوگئی تھیں۔