کولکاتا : صدر بی جے پی جے پی نڈا نے جمعرات کو مغربی بنگال میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ’’لوکھو سونار بنگلہ‘‘ (سنہری بنگال کو فروغ دینے کا نشانہ) کے زیرعنوان منشور پر مبنی مہم شروع کی۔ جس کے تحت زائداز 2 کروڑ لوگوں سے تجاویز طلب کی جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ پارٹی کے منشور میں مٹوا کمیٹی، خواتین اور نوجوانوں کی سماجی و معاشی ترقی پر زور دیا جائے گا اور ریاست کے ’رقم کی کٹوتی‘ اور ’سنڈیکیٹ‘ کلچر کا خاتمہ کیا جائے گا۔ نڈا نے اِس پروگرام کے آغاز کے موقع پر کہاکہ لوکھو سونار بنگلہ مہم 3 مارچ کو شروع کی جائے گی اور 30 مارچ تک جاری رہے گی۔ بی جے پی ریاست کے زائداز 2 کروڑ لوگوں تک رسائی حاصل کرنے کا نشانہ رکھتی ہے جو تمام 294 اسمبلی حلقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ تجاویز کے لئے 30 ہزار باکس رکھے جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سنہرا بنگال فروغ دینے کے لئے ہماری کوششوں میں عام آدمی اپنی کوششوں کے ساتھ شامل ہوجائے۔بنگالی ایکٹر پائل سرکار نے نڈا کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔اسمبلی انتخابات اپریل ؍ مئی میں ہونے ہیں۔