بنگال میں ضمنی انتخاب کا اعلان، بھوانی پور سے ممتا کا مقابلہ

,

   

۔ 30 ستمبر کو ووٹنگ ، 3 اکٹوبر کو نتائج ، کورونا کے پیش نظر دیگر ریاستوں میں 31 نشستوں کے انتخابات موخر
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ مغربی بنگال کی بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب 30 ستمبر کو کرائے جائیں گے۔ بھوانی پور چیف منسٹر ممتا بنرجی کی روایتی سیٹ ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی 3 اکتوبر کو ہو گی۔ اس کے علاوہ 30 ستمبر کو ہی مغربی بنگال کے شمشیر گنج، جنگی پور اور اوڈیشہ کے پیپلی میں بھی ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔ترنمول کانگریس کی سربراہ بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتر سکتی ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر 31 دیگر سیٹوں پر انتخابات کو موخر کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’’آئینی تقاضوں اور مغربی بنگال کی خصوصی درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے، اسمبلی حلقہ 159- بھوانی پور کے لیے ضمنی انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر بہت سخت اصول بنائے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور چیف الیکٹورل آفیسرز کے خیالات اور آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر 31 اسمبلی حلقوں اور 3 پارلیمانی حلقوں میں ضمنی انتخابات نہیں کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘