بنگال میں پرشانت کشور کی سرگرمیوں سے جے ڈی یو کا تعلق نہیں

,

   

Ferty9 Clinic

پارٹی نائب صدر ایک ماہر ادارہ کے سربراہ بھی ہیں۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا رد عمل
پٹنہ 8 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج خود کو پارٹی کے نائب صدر پرشانت کشور کے اس فیصلے سے الگ تھلگ کرلیا کہ وہ ایک سیاسی ماہر حکمت عملی کے ماہر کے طور پر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کیلئے کام کرینگے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ پرشانت کشور کے اس فیصلے سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ مغربی بنگال میں پرشانت کشور کی سرگرمیاں جے ڈی یو لیڈر کی حیثیت سے نہیں ہونگے ۔ وہ ایک ادارہ کے سربراہ کی حیثیت سے کئی سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں تاکہ انہیں ان کی انتخابی حکمت عملی کے تعلق سے مشورے دیں۔ نتیش کمار کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ جے ڈی یو کے نائب صدر پرشانت کشور نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ وہ 2021 بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے ممتابنرجی کی ترنمول کانگریس کیلئے کام کرینگے ۔ ان کے اس فیصلے پر کچھ گوشوں سے اعتراض کیا جا رہا ہے ۔ ترنمول کانگریس ریاست میں بی جے پی سے سخت جدوجہد کر رہی ہے جبکہ بی جے پی اور نتیش کمار کی جے ڈی یو حلیف جماعتیں ہیں۔ نتیش کمار نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا جے ڈی یو ان سے اس تعلق سے کوئی وضاحت طلب کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے جو سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ان کے جواب شائد پرشانت کشور ہی بہتر انداز میں دے سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرشانت کشور گذشتہ سال پارٹی میں شامل ہوئے تھے اور پارٹی نے انہیں اہم ذمہ داری سونپی ہے ۔ تاہم وہ ایک ایسے ادارہ کی قیادت بھی کرتے ہیں جو سیاسی جماعتوں کو ان کی حکمت عملی کی تیاریوں میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔