بنگال میں 700کروڑ کی غیرقانونی آمدنی کا انکشاف

   

نئی دہلی: انکم ٹیکس محکمہ نے مغربی بنگال کی بڑی اسٹیل بنانے والی کمپنی پر یہاں چھاپہ مارکر 700کروڑ روپے سے زیادہ کی غیراعلانیہ آمدنی کا پتہ لگایا ہے اور اس سلسلہ میں جانچ ابھی جاری ہے ۔محکمہ نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ 17ستمبر کو یہ چھاپہ کی کارروائی ریاست میں پندرہ مقامات پر شروع کی گئی جس میں آٹھ رہائشی کمپلکس، نو دفاتر اور آٹھ فیکٹریاں شامل ہیں۔ کولکتہ، درگاپور، آسن سول اور پرولیا کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیگر حصوں میں یہ کارروائی کی گئی۔اس کارروائی کے دوران غیراعلانیہ آمدنی سے متعلق کئی دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد ملے ہیں۔ غیراعلانیہ آمدنی کو غیر محفوظ قرض اور فرضی کمپنیوں کے شیئر کی خریداری میں لگایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ املاک کے کاغذات بھی ملے ہیں اور الگ الگ ناموں پر زمین کے کاغذات ملے ہیں۔ اس طرح سے 700کروڑ روپے سے زیادہ کی غیراعلانیہ آمدنی کا پتہ چلا ہے ۔ 20لاکھ روپے نقد ضبط کئے گئے ہیں اور ابھی دو لاکر کھولے جانے ہیں۔ اس دوران ایک اینٹری آپریٹر کے یہاں بھی تلاشی لی گئی جہاں سے 200سے زائد فرضی کمپنیوں اور 200سے زیادہ بینک اکاونٹ کے کاغذات ملے ۔