بنگال : نمازِ عید کیلئے مصلیوں کی تعداد محدود ہوگی

   

کولکاتا: چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج 50افراد کی شرط کے ساتھ عیدالفطر کی نماز باجماعت اور ثقافتی پروگرام کی اجازت دیدی ہے۔ تاہم انھوں نے کہا ہے کہ مسلم رہنمائوں کے فیصلے کے مطابق کولکاتا شہر کے ریڈ روڈ پر جہاں لاکھوں افراد نماز پڑھتے ہیں وہاں کوئی جماعت نہیں ہوگی ۔ممتا بنرجی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 50 افراد کی شرط کے ساتھ عید کی نماز باجماعت اور ثقافتی پروگرام کرنے کی اجازت ہوگی ۔میری درخواست ہے کہ گھروں میں ہی نماز ادا کرلیں ۔وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی نئی حکومت کی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد ریاستی سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وائرس کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے ہیں۔آج یہاں راج بھون میں ممتا بنرجی کی کابینہ میں ترنمول کانگریس کے 42 لیجسلیٹرس نے وزراء کے طورپر حلف لیا۔ (متعلقہ خبر صفحہ 3 پر )