نئی دہلی ۔ ترنمول کانگریس نے آج بی جے پی پر تنقید کی جس نے دعوی کیا ہے کہ مغربی بنگال میں ریلوے کاموں کیلئے ہمیشہ سے زیادہ فنڈز دئے گئے ہیں۔ ترنمول نے آج ادعا کیا کہ ریاست کو فنڈز سے محروم رکھا گیا ہے اور کئی اہم پراجیکٹس برخواست کردئے گئے ہیں۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے کہا تھا کہ بجٹ میںمغربی بنگال کیلئے اب تک کے سب سے زیادہ 6,636کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ریاستی حکومتوں نے ریل پراجیکٹس میں تاخیر کی ہے ۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹی ایم سی ایم پی و ترجمان ڈیرک او برائین نے کہا کہ انتخابات کے سیزن میں بی جے پی کی تفریحی گینگ ریلوے کیلئے ریکارڈ فنڈز فراہم کرنے کا دعوی کر رہی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ بے شمار ریلو پراجیکٹس کو بنگال میں بند کردیا گیا ہے اور ہر سال فنڈز میں کمی کی گئی ہے ۔ اوبرائین نے دو دستاویزات پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ بنگال کو کئی برسوں سے ریلوے فنڈز سے محروم رکھا گیا ہے ۔