بنگال کے عوام لوٹ مار اور ذات پات کی سرکارکیخلاف: یچوری

   

ممتابنرجی نے ماضی میں بی جے پی سے اتحاد کیا ہے اور اب بھی یہی امکان ہے

کلکتہ : سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے بریگیڈ کے میدان میں مہاجوٹ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہ بنگال میںا گلی حکومت سیکولر محاذ کی ہوگی کیوںکہ بنگال کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ لوٹ مار کی سرکار اور ذات پاس کی سرکار کو ہٹائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے عوام جس قدرپریشان ہیں اتنا پریشان ہندوستان کی آزادی کے بعد کبھی بھی نہیں رہے ہیں ۔سیتارام یچوری نے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں اگر اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت کسی کو بھی نہیں مل سکی تو آپ کس کے ساتھ جائیں گے ۔میں کہنا چاہتاہوں کہ یہ سوال ممتا بنرجی سے کیوں نہیں پوچھا جارہا ہے کہ وہ کس کے ساتھ جائیں گی ۔کیا ممتا بنرجی بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گی ۔یہ سوال اس لئے ضروری ہے کہ ممتا بنرجی نے ماضی میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے ۔اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی کے لئے راہیں ہموار کی ہیں ۔اس لئے زیاد ہ امکان ہے کہ ممتا بنرجی دوبارہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرسکتی ہیں ۔یچوری نے کہا کہ ہم نے بریگیڈ میدان میں کئی ریلیوں سے خطاب کیا ہے مگر آج جو بھیڑ ہے اتنی بھیڑ کبھی بھی نہیں دیکھی ہے ۔یہ بھیڑ تبدلی کے خواہاں لوگوں کی ہے ۔جو بنگال میں تبدیلی چاہتے ہیں ۔ایک طرف ممتا بنرجی ہے جو لوٹ مار کی سرکار ہے ۔ہرطرف رشوت خوری ، بے ایمانی اور کٹ منی ہے ۔دوسری طرف ذات پاس اور نفرت پھیلانے والے ہیں ۔یہ دونوں ملک کو تباہ و برباد کردیں گے ۔کسانوں کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے کسان احتجاج کررہے ہیں ۔مودی جی کو ان کسانوں سے بات کرنے کی فرصت نہیں ہے ۔یہ ہمارے کسان بھائی کہاں جائیں گے ۔یہ صرف کسان نہیں ہے کہ بلکہ ہمیں غذا فراہم کرنے والے ہیں مگر ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل فہم ہے ۔آخر مودی جی اپنے کارپوریٹ دوستوں کی خاطر لاکھوں کسانوں کی ناراضگی کیوں مول لینا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیژل کی قیمتیں بے تحاشا بڑھ رہی ہیں ۔اس کی وجہ سے عام مہنگائی کے بوجھ تلے دبتا جارہا ہے ۔مگر حکومت ذات پات کی سیاست کرنے میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب کسان بھائیوں نے دو دھ کی قیمت میں اضافے کا علان کیا ہے ۔اگر دودھ ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا تو عام لوگوں کی زندگی کیسے گزررے گی ۔