براک پور۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کے مطابق پیر کو 24 نارتھ پرگنہ ضلع کے کن کنارے علاقہ میں بم پھینکنے کے واقعہ میں 2 افراد ہلاک اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حکمراں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ان کی پارٹی سے ہے جن کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے خرید کردہ غنڈوں نے ہلاک کردیا جس کی تردید بی جے پی نے کی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کے نام محمد حلیم اور محمد بختیار ہے اور اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر جیوتی پریہ نے اس حملے کیلئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا لیکن براک پور حلقہ لوک سبھا، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ارجن سنگھ نے اس کی تردید کی ہے اور کہا کہ اس واقعہ کا تعلق خاندانی جھگڑوں سے ہے نہ کہ سیاست۔ یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب میں اس وقت پیش آیا جبکہ مختار اور اس کے فیملی ممبرس گھر کے باہر بیٹھے ہوئے تھے اور یہ علاقہ بارک پور لوک سبھا حلقہ کے بروئی پارہ میں واقع ہے۔ محمد حلیم کی موقع واردات پرہی موت ہوگئی جبکہ محمد مختار نے دواخانہ میں دَم توڑ دیا ۔ بختار کی بیوی کا دیگر کے ساتھ ایک مقامی دواخانہ میں علاج جاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد آر اے ایف اور کئی پولیس جوانوں کو علاقہ میں تعینات کردیا گیا۔
