نشیبی علاقوں میں تقریباً 700 مکانات متاثر ، چیف منسٹر یدی یورپا نے صورتحال کا جائزہ لیا
بنگلورو : چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے شہر کے کئی حصوں میں طوفانی بارشوں کے سبب سیلاب سے متاثرہ ہر فیملی کیلئے آج 25,000 روپئے کے معاوضہ کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے مستقل حل کا یقین بھی دلایا کہ اس طرح کے واقعات کے اعادہ کو روکا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہر میں پانی کی نکاسی کے پاس تمام غاصبانہ قبضوں کا بلاتردد صفایا کردیا جائے گا۔ یدی یورپا نے متاثرہ ہوساکرے ہلی اور قریبی علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آج ہی سے ہر متاثرہ فیملی کو معاوضہ کا چیک حوالے کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام متاثرین میں غذائی اجناس، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہیں بلدی ادارے سے معلوم ہوا کہ تقریباً 650 تا 700 مکانات متاثر ہوئے جو نشیبی علاقوں میں واقع ہیں۔ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد یدی یورپا نے مختلف سینئر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر بنگلورو سٹی سے متعلق اُمور کے انچارج بھی ہیں۔ انہوں نے شہر کے بلدی اداروں کو ہدایت دی کہ مزید دو یوم بارش کی پیش قیاسی کے تناظر میں چوکسی برتی جائے۔
