بنگلورو میں مسلسل بارش 5 ہلاک

   

بنگلورو 21 مئی (ایجنسیز) کرناٹک کے دارلحکومت بنگلورو میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے جاری شدید بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ منگل کو بھی موسلا دھار بارش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا جس سے ٹریفک جام اور آمد و رفت میں خلل پیدا ہوا۔ ریاست میں بارش سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہر کے سائی لے آؤٹ میں جزیرے جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جہاں گھروں کی نچلی منزلیں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ پیر کو تقریباً 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ مقامی باشندوں نے الزام لگایا ہیکہ میونسپل ایجنسیاں سائی لی آؤٹ میں رہنے والوں کی مشکلات پر توجہ نہیں دے رہیں۔