مساجد سے اعلان، جامع مسجد میںسنٹرکا قیام
بنگلورو ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے امکانات کے پیش نظر کرناٹک کی مساجد سے مسلمانوں کو اپنے دستاویزات تیار رکھنے کیلئے کہا گیا ہے۔ مساجد کے امام اور مؤذنین نے مسلمانوں سے اپیل کی ہیکہ اگر کوئی کمی یا خامی ہے تو اس کو دور کرتے ہوئے اپنے دستاویزات تازہ ترین حالت میں تیار رکھیں۔ بنگلورو کی جامع مسجد میں ایک سٹیزن سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعہ مسلمانوں کو اپنے دستاویزات تیار رکھنے میں مدد کی جارہی ہے اور ایسا کرنا ہندوستان کے ہر شہری کیلئے ضروری ہے۔ جامع مسجد کے امام مقصود عمران نے بتایا کہ جامع مسجد کے سنٹر کے ذریعہ مسلمانوں سے کہا جارہا ہیکہ وہ اپنے ریکارڈز اور دستاویزات کو مناسب انداز سے تیار کرلیں اور تیار رکھیں جن میں غلطیاں نہ ہوں اور وہ پھٹی ہوئی حالت میں بھی نہ ہوں۔ اکثر دیکھا گیا ہیکہ آدھار کارڈ، پان کارڈ، الیکشن شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات میں ناموں میں فرق پایا جاتا ہے۔ ایسی غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مستقبل میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیزن سنٹر گذشتہ تین ماہ سے کام کررہا ہے۔
