بنگلورو ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں نیا موٹر وہیکلس ایکٹ منظور ہونے کے بعد سے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی شرح غیر معمولی بڑھ گئی ہے۔ عوام پر نیا بوجھ عائد ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کئی ریاستوں نے کچھ گنجائش نکالتے ہوئے اس قانون کو اپنے پاس لاگو کرنے سے انکار کردیا ہے ، جیسے مدھیہ پردیش، تلنگانہ ، مغربی بنگال اور بعض دیگر ریاستیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں نے بھی نئے قانون کو جوں کا توں قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ مثلاً گجرات جہاں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ گجرات میں ریاستی حکومت نے ٹریفک جرمانوںمیں 90 فیصد تک کمی کردی ہے۔ کرناٹک میں بھی یدی یورپا زیر قیادت بی جے پی حکومت ہے جس نے نئے قانون پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ روزانہ عوام پر جو پہلے ہی گرانی سے پریشان ہیں، ٹریفک جرمانوںکی شکل میں نیا بوجھ عائد ہوگیا ہے جس کا ثبوت 5 دنوں میں 72.5 لاکھ روپئے کی وصولی ہے۔