بنگلورو کی بھاویہ آرمی آفیسر منتخب

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست کرناٹک کے بنگلورو میں پیدا ہو کر وہیں پرورش پانے والی بھاویہ نرسمہا مورتی پچھلے سال ٹیرٹیوریل آرمی آفیسر کے طور پر منتخب ہوئی ۔ حال ہی میں بھاویہ نے دہرادون کی باوقار انڈین ملٹری اکیڈیمی میں تین ماہ کی کامیابی کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کی ۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستانی فوج میں ہر سال ایک مخصوص مدت کے لیے بطور لیفٹننٹ خدمات انجام دیتی رہیں گی اور ساتھ ہی انہوں نے جنوبی ہندوستان کی پہلی خاتون ٹریٹیوریل آرمی آفیسر بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ۔ بھاویہ نے 2020 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ جس کے بعد وہ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی ترجمان کے طور پر مباحثوں میں شرکت کرتے ہوئے ریاست بھر میں جانا پہچانا چہرہ بن گئی ۔ اپنی سیاسی زندگی میں انہوں نے پارٹی کی پالیسیوں کا دفاع کیا اور اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ بھاویہ نے سیاسی میدان میں ایک منفرد شخصیت کے طور پر ابھر کر آئی ۔ انہیں 2023 میں اے آئی سی سی سوشیل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمس کی نیشنل کوآرڈینٹر کے طور پر مقرر کیا گیا ۔ 2023 کے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے دوران بھاویہ راجی نگر حلقہ کے ٹکٹ کے لیے ایک مضبوط دعویدار کے طور پر ابھری ۔ بھاویہ نے 2022 میں سخت ٹریٹوریل آرمی کا داخلہ امتحان پاس کیا ۔ وہ اس سال منتخب ہونے والی واحد خاتون امیدوار بن گئیں ۔ 2024 مئی میں وہ پاک ہندوستان لائن آف کنٹرول کے قریب آرمی یونٹ میں تعینات تھیں ۔ وہاں انہوں نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی اور بطور لیفٹننٹ منتخب ہوئی ۔ کامیاب سیاست سے فوج میں ان کا یوٹرن قومی خدمت کے لیے ان کی ہمہ جہتی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جنوبی ہندوستان کی پہلی خاتون کے طور پر بھاویہ کی کامیابی بہت سی خواہش مند خواتین کے لیے ایک تحریک ہے ۔۔ ش