بنگلور آج پنجاب کے خلاف موقف مستحکم کرنے کا خواہاں

   

شارجہ۔ لیگ میں مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لوکیش راہول کی زیرقیادت کنگز الیون پنجاب جمعرات کوکپتان وراٹ کوہلی کی قیادت میں رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کے ارادے سے اترے گی تو دوسری جانب کوہلی کی ٹیم ٹورنمنٹ کے اگلے مرحلے میں اپنی رسائی کے امکانات کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔بنگلور نے آخری میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکو82 رنز سے شکست دی تھی جبکہ کولکتہ کے خلاف پنجاب کو دو رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ بنگلور کے سات میچوں میں پانچ فتوحات اور دوشکست کے ساتھ 10 نشانات ہیں اور ٹیموں کے جدول میں میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پنجاب سات میچوں میں ایک کامیابی 6 شکست کے بعد دو پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل میں سب سے نیچے آٹھویں نمبر پر ہے ۔بنگلور نے کولکتہ کے خلاف ہر شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہر شعبہ میں کولکتہ کو شکست دی۔ بنگلور کے لئے کپتان کوہلی نے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ناٹ آؤٹ33 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ اے بی ڈویلیئرز 73 ناٹ آؤٹ نے بھی طوفانی اننگز کھیلی۔