بنگلور: رائل چیلنجرز بنگلور (آرسی بی) اپنی گھریلو مقابلے میں واپسی کو یادگار بنانے کی خواہاں ہے، جس کا انحصار ان کے تجربہ کار بولنگ شعبہ پر ہے جو شاندار فارم میں ہے، جیسا کہ وہ چہارشنبہ کے میچ میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کا سامنا کریں گے۔ آرسی بی کے بولروں نے کولکتہ اور چنئی جیسے روایتی طور پر مشکل حریفوں کو قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا، لیکن اب انہیں ہوم گراؤنڈ پرگجرات ٹائٹنز کے خلاف ایک مختلف چیلنج کا سامنا ہے۔ چناسوامی اسٹیڈیم کی پچ ہمیشہ بیٹرس کے لیے سازگار رہی ہے، جس کا ثبوت یہاں بننے والے تین260 سے زائد اسکور ہیں۔ چھوٹی باؤنڈریز اور تیز آؤٹ فیلڈ بولروں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتی ہیں، لیکن آرسی بی کو یقین ہے کہ ان کے پاس جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار جیسے بولرس موجود ہیں جو بیٹرس کو قابو میں رکھ سکتے ہیں۔ اگرچہ ان دونوں نے زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کیں، لیکن ہیزل ووڈ نے اس آئی پی ایل میں 5.37 کی اوسط سے رنز دیے ہیں، جبکہ بھونیشور، جو سی ایس کے کے خلاف میچ میں واپس آئے، ان کی 6.6 کی اکانومی رہی ہے۔ یہ کفایتی بولنگ آرسی بی کے لیے سب سے بڑا ہتھیار ہوگی، خاص طور پرگجرات کے مضبوط ٹاپ آرڈرکے خلاف، جس میں کپتان شبھمن گل اور بی. سائی سدرشن پہلے ہی ایک بہترین اوپننگ جوڑی کے طور پر ابھرے ہیں۔ آرسی بی کوشش کرے گی کہ ہیزل ووڈ اور بھونیشور کے ذریعے اس جوڑی کو زیادہ دیر تک نہ کھیلنے دیا جائے۔ آسٹریلوی بولر ہیزل ووڈ سخت لینتھ مارکر گیند میں اچھال پیدا کرسکتے ہیں، جبکہ بھونیشور کمار نپی تلی لائن پرگیند ڈال کر نئی گیند کو سوئنگ کرانے کی مہارت رکھتے ہیں۔ یَش دیال، جو ایک بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرہیں، بھی اپنے سینئر ساتھیوں کے لیے ایک قابل اعتماد اور ذہین معاون بولرکے طور پر سامنے آئے ہیں۔ تاہم، اسپن بولنگ میں آرسی بی کو کچھ کمزوری محسوس ہو سکتی ہے، کیونکہ کرونال پانڈیا اور سْیانش شرما اس شعبے کو سنبھال رہے ہیں، اور ان کی صلاحیتوں کا اب اصل امتحان ہوگا۔ دوسری طرف، گجرات ٹائٹنز کے پاس اسپن میں راشد خان اور آر سائی کِشور جیسے تجربہ کار بولرز موجود ہیں۔ ان کا مقابلہ ویرات کوہلی، فل سالٹ، کپتان راجت پٹیدار (جو اسپن کے اچھے کھلاڑی ہیں) اوردیودت پڈیکل جیسے بیٹرس سے ہوگا، جو میچ کے نتیجے پرگہرا اثر ڈال سکتا ہے۔ گجرات کے فاسٹ بولنگ شعبہ میں کگیسو ربادا اور محمد سراج شامل ہیں، جو پچھلے سال کی نیلامی میں آرسی بی سے جی ٹی میں منتقل ہوئے۔ وہ بنگلور کی ٹاپ آرڈر کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ اسپنرز کو زیادہ دباؤ میں نہ آنا پڑے۔ کوہلی اور انگلینڈ کے فل سالٹ نے پچھلے دو میچوں میں 95 اور 45 رنز کی شراکت قائم کی تھی، اور چناسوامی اسٹیڈیم پر وہ مزید خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ گجرات کے لیے ابتدائی وکٹیں لینا ضروری ہوگاتاکہ آرسی بی کو بڑی شراکت بنانے سے روکا جا سکے۔