بنگلور تشدد کا مواد گشت کروانے پر 7 افراد کے خلاف مقدمہ

   

حیدرآباد۔ سنٹرل کرئم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے بنگلور فسادات کے مواد کو سوشل میڈیا پر گشت کر وانے اور افواہ پھیلانے کے الزام میں 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے ازخود کاروائی میں ایف آئی آر جاری کیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ایس سے وابستہ سب انسپکٹر نریندر ریڈی نے سائبر کرائم پولیس میں شکا یت درج کر وائی جس میں کہا کہ بنگلور فسادات کے بعض ویڈیوز اپ لوڈ کرکے کچھ افراد افواہ پھیلا رہے ہیں۔ سائبر کرائم پولیس نے تعزیرات ہند کے دفعہ 505(1) اور505(2)کے تحت سماجی کارکن الیاس شمسی،محمد سبحان رپورٹر، سید وسیم روز نیوز ویب چیانل ،پرنس سیام،محمد امجد( مسلم یوتھ حیدرآباد)، سلمان( مسلم یوتھ بنگلور) اور دوبئی میں مقیم حیدرآبادی ابو فیصل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر میں بتایا کہ مذکورہ افراد واٹس ایپ اور فیس بک پر بنگلور فسادات کا مواد گشت کروا رہے تھے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔