وارانسی، 8 اگست (یو این آئی) وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر جمعرات کو آکاسا ایئر لائن کی پرواز کیو پی1424 کے ایک مسافر نے ، جو بنگلور جانے کے لیے تیار تھا، اچانک رن وے پر ایمرجنسی گیٹ کھول دیا، جس سے جہاز میں افراتفری مچ گئی۔ اس واقعہ کی وجہ سے طیارہ کو رن وے سے واپس ایپرن (پارکنگ ایریا) میں لانا پڑا۔ سکیورٹی پروٹوکول کے تحت تمام ضروری چیکنگ اور طریقہ کار دوبارہ کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی۔ جس کے باعث طیارہ کو ایک گھنٹے کی تاخیر سے پرواز کرنی پڑی۔ پھولپور پولیس اسٹیشن کے انچارج پروین کمار سنگھ نے بتایا کہ مسافر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے ۔ شکایت کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق فلائٹ کیو پی1424 نے شام 7 بج کر 55 منٹ پر اڑان بھرنی تھی۔ طیارہ کو پیچھے کرتے ہوئے رن وے کی طرف لے جایا جارہا تھا، تبھی طیارہ پر سوارسلطان پور کے ایک مسافر اجے تیواری نے اچانک ایمرجنسی گیٹ کھول دیا۔