بنگلور میں آج ہند۔افریقہ تیسرا ٹی 20 ،ہمالیائی اسکور متوقع

   

بنگلور 21ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی یہاں کے میدان سے اچھی طرح واقف ہیں لہذا وہ کل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 کی کامیابی کے لئے کوشاں ہوں گے جبکہ ریشپھ پنت پر پھر ایک مرتبہ تمام تر توجہ مرکوز ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم جس نے موہالی میں منعقدہ دوسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دھرم شالہ میں سیریز کا افتتاحی مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے اب تک ہندوستانی ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم اپنے نئے کپتان کوئنٹن ڈیکاک کی قیادت میں اپنی شناخت بنانے کے لئے نہ صرف بہتر مظاہرہ کے لئے کوشاں ہوگی بلکہ وہ کامیابی کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی اور اُمید کی جارہی ہے کہ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں ایک دلچسپ ٹکراؤ شائقین کو دیکھنے کو ملے گا۔ مہندر سنگھ دھونی کے بعد نئے وکٹ کیپر ریشپھ پنت پر نہ صرف تمام تر توجہ مرکز ہے بلکہ وہ مستقبل کی اُمیدوں کا محور بھی ہیں۔ لیکن گزشتہ مقابلے میں وہ بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے ہیں جبکہ کرکٹ کے مشہور ویب سائٹس پر اب ایک نئی بحث اِس رائے دہی کے تحت شروع ہوچکی ہے کہ ریشپھ پنت کے مقام پر کسی اور نوجوان وکٹ کیپر کو موقع دیا جانا چاہئے جس میں سنجیو سامسنگ اور ایشان کشن کو شامل کیا جارہا ہے۔ 21 سالہ پنت کو سابق کپتان اور اوپنر سنیل گواسکر کے بیان سے کسی قدر حوصلہ افزائی ہوئی ہوگی کیوں کہ گواسکر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو دھونی سے آگے سوچنا چاہئے کیوں کہ آسٹریلیا میں ورلڈکپ کے آغاز میں ایک برس کا وقت ہی رہ گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے لئے میزبان کپتان کوہلی اہم رکاوٹ بن رہے ہیں کیوں کہ موہالی میں منعقدہ دوسرے 20 ٹوئنٹی میچ میں مہمان بولر کوہلی کے خلاف بے بس رہے۔ ہندوستانی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شکھر دھون موہالی میں ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہیں کرسکے تھے اور بنگلور میں بھی انھیں فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کے خلاف پھر ایک مرتبہ چیلنج کا سامنا ہوگا۔ روہت، دھون اور کوہلی حریف ٹیم کے لئے اصل چیلنج ہوں گے اور ڈیکاک بھی اِن کھلاڑیوں کو جلد از جلد آؤٹ کرتے ہوئے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ مڈل آرڈر میں شریاس ایئر اور ہاردک پانڈیا کے ساتھ رویندر جڈیجہ ٹیم کی طاقت ہیں۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں نئی جوڑی دیپک چہر اور نودیپ سینی پر انتظامیہ نے کافی بھروسہ کیا ہے اور انھیں جسپریپ بھومرا اور بھونیشور کمار پر ترجیح دی گئی ہے۔ اسپن شعبہ میں کلدیپ یادو اور یوسویندر چہل کی بجائے واشنگٹن سندر اور کرنال پانڈیا سے اُمیدیں وابستہ ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کی بیاٹنگ پھر ایک مرتبہ ڈیکاک اور ڈیوڈ ملر کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ کے ماہر بوما پر مشتمل ہوگی۔ علاوہ ازیں ہینڈرکس بھی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور اِن سے ٹیم انتظامیہ کو بہتر شروعات کی اُمید ہوگی۔