بنگلور میں پہلا خطاب جیتنے کی صلاحیت : کپتان راجت

   

نئی دہلی، 23 مئی (آئی اے این ایس): رائل چیلنجرز بینگلور (آر سی بی) کے کپتان راجت پٹی دار نے اپنی ٹیم کے بولنگ شعبہ کو آئی پی ایل 2025 کی کامیاب مہم کا سہرا دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ یہی بولنگ یونٹ فرنچائز کو اس کی پہلی آئی پی ایل ٹرافی جتانے میں مدد دے گا۔ جیواسٹارکے خصوصی شو سوپراسٹارز میںگفتگو کرتے ہوئے پٹی دار نے موجودہ بولنگ یونٹ کو آر سی بی کی تاریخ کا سب سے بہترین قرار دیا اور کہا کہ اس بار ٹیم کی منصوبہ بندی اور توازن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آر سی بی نے پہلے ہی پلے آف میں رسائی حاصل کرچکی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پٹی دار نے کہا ٹی ٹوئنٹی میچز میں تجربہ کار بولروںکا ہونا، جو مخصوص حالات میں صحیح طریقے سے بولنگ کر سکیں، بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ایک مضبوط بولنگ یونٹ آپ کو میچز بلکہ خطاب بھی جتوا سکتا ہے۔ میرے خیال میں اس سال ہم نے بہت سمجھداری سے تیاری کی اور ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جو مخصوص شعبوں میں درکار تھے۔ یہ حکمت عملی کامیاب رہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اب تک ہمارا بہترین بولنگ یونٹ ہے۔ آئی پی ایل 2025 میں آر سی بی کی بولنگ لائن اپ نے تسلسل کے ساتھ شاندارکارکردگی دکھائی ہے۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے10 میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کرونال پانڈیا نے11 میچوں میں 14 وکٹیں اپنے نام کیں۔ اگرچہ بھونیشورکمار اور یش دیال نے زیادہ وکٹیں نہیں لیں، لیکن اْن کی نپی تلی بولنگ نے اہم مواقع پر دباو برقرار رکھا۔ نوجوان اسپنر سویاش شرما بھی ایک حیرت انگیز بولرکے طور پر ابھرے ہیں، جنہوں نے بولنگ شعبہ میں تنوع پیدا کیا۔ سابق کپتانوں ویراٹ کوہلی اور فاف ڈو پلیسی کے ادوار میں آر سی بی پر بولنگ میں گہرائی نہ ہونے کی تنقید ہوتی رہی، مگر اس سال یہ تاثر تبدیل ہوا ہے اور پٹی دارکا ماننا ہے کہ اس تبدیلی میں منصوبہ بندی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پٹی دار نے ٹیم کے ماحول کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ڈریسنگ روم میں ماحول بہت مثبت ہے۔ ٹیم میں زبردست ہم آہنگی ہے، ہم مل کر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں اور سب ایک دوسرے سے کھل کر بات کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ جو کھلاڑی پلیئنگ الیون میں نہیں ہوتے، وہ بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں، مشورہ دیتے ہیں اور پوری ٹیم کے ساتھ جْڑے رہتے ہیں۔آخر میں پٹی دار نے کہا کہ ٹیم نے مشکل حالات سے نمٹنے کی بھی پوری تیاری کی ہے۔ ہم نے اپنے اجلاس میں بدترین صورتِ حال پر بھی گفتگوکی۔ اسی وجہ سے نتائج اچھے آ رہے ہیں۔ آر سی بی کی بیٹنگ ہمیشہ مضبوط رہی ہے، لیکن اب ہمارے پاس ایک مکمل بولنگ شعبہ بھی ہے۔