بنگلہ دیشیوں کی دراندازی کیلئے ممتابنرجی ذمہ دار :شاہ

   

کولکتہ، یکم جون (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہندوستان میں بنگلہ دیشیوں کی دراندازی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ریاست میں صرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ہی اسے مؤثر طریقے سے روک سکتی ہے ۔امیت شاہ نے آج یہاں نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہبنگال کے ووٹ صرف بنگال کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرتے ۔ بنگال کا ووٹ ملک کی سلامتی سے جڑا ہوا ہے کیونکہ ممتا بنرجی نے بنگلہ دیشیوں کے لیے ہمارے ملک کی سرحدیں کھول دی ہیں۔ دراندازی ان کے آشیرواد سے ہو رہی ہے ۔ آپ مجھے بتائیں، دراندازی روکنی چاہیے یا نہیں؟۔انہوں نے کہا کہ کیا دیدی (ممتا بنرجی) اسے روک سکتی ہیں؟ کیا ان کے بھتیجے (ابھیشیک بنرجی) اسے روک سکتے ہیں؟ صرف پدما(لوٹس/بی جے پی) حکومت ہی دراندازی کو روک سکتی ہے ۔’’ انہوں نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کی حکومت میں مغربی بنگال میں دراندازی بلا روک ٹوک جاری ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ممتابنرجی اپنے تنگ سیاسی مفادات کے لیے دراندازی کو فروغ دینے کے لیے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کر رہی ہیں۔