علی پور دوار : بنگلہ دیشی شہریوں اور سیاحوں کو اب مغربی بنگال کے علی پور دوار میں کسی بھی ہوٹل میں ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بنگلہ دیش میں غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر علی پور دوار ڈسٹرکٹ ہوٹل اینڈ ریزورٹ ایسوسی ایشن نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ تنظیم کے ارکان نے مل کر اعلان کیا ہے کہ کسی بھی بنگلہ دیشی شہری کو علی پور دوار ہوٹل میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تنظیم کے ارکان نے علی پور دوار کے ایک خانگی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں اس فیصلے کا اعلان کیا۔ علی پور دوار ڈسٹرکٹ ہوٹل اینڈ ریزورٹ ایسوسی ایشن کے ارکان نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جو صورتحال چل رہی ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ بنگلہ دیش میں جس طرح ہمارے ملک کے قومی پرچم کی توہین کی گئی ہے ، ہم نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش سے آنے والے کسی بھی بنگلہ دیشی شہری اور سیاح کو وہاں نہیں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم بنگلہ دیش کے کسی شہری کو سیاحتی یا طبی وجوہات کی بناء پر اپنے ہوٹلوں اور ریزورٹس میں رکنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ اس موضوع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری پون پروہت نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جس طرح کے واقعات ہو رہے ہیں ہم دیکھ بھی رہے ہیں اور سن بھی رہے ہیں۔ وہ ہمیں بہت مایوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے آئین کے مطابق ہم تمام ممالک کے لوگوں کا احترام کرتے ہیں اور ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ تمام ممالک کے عوام ہمارے ملک اور اس کے شہریوں کا احترام کریں لیکن ہم بنگلہ دیش میں ہونے والے واقعات میڈیا کے ذریعہ دیکھ رہے ہیں تو ہمیں کافی صدمہ پہنچ رہا ہے ۔