ڈھاکہ ۔ 21 جولائی (ایجنسیز) بنگلہ دیش ایئر فورس کا ایک تربیتی لڑاکا طیارہ پیر 21 جولائی کو ڈھاکہ کے شمالی علاقے اترا میں واقع میل اسٹون اسکول اینڈ کالج پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔حادثہ دوپہر تقریباً 1:30 بجے پیش آیا جب فضائیہ کا F-7BGI تربیتی طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد کالج کیمپس میں آ گرا۔ جائے وقوعہ سے آگ کے شعلے اور دھواں بلند ہوتا دکھائی دیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، طیارہ اسکول کی عمارت سے ٹکرایا اور زور دار دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ میل اسٹون کالج کے ایک استاد نے بتایا کہ میں کالج کی عمارت کے قریب کھڑا تھا جب طیارہ تین منزلہ عمارت کے سامنے آکر ٹکرا گیا۔ کئی طلباء پھنس گئے ۔ فوجی ذرائع کے مطابق، حادثہ کے فوراً بعد بنگلہ دیشی فوج اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بنگلہ دیش فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ وزارت دفاع نے بھی ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ دوپہر 1:06 پر اڑا اور کچھ ہی دیر میں عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ واقعہ نے پورے ملک کو غمزدہ کر دیا ہے، اور حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔