حیدرآباد /25 نومبر ( سیاست نیوز ) بنگلہ دیش نژاد بردہ فروش جوڑے کے خلاف رچہ کنڈہ پولیس نے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ سہیل حسین 29 سال اور اس کی بیوی جو نیو حفیظ پیٹ کے علاقہ میں رہتے تھے ۔ بنگلہ دیش سے لڑکیوں کو منتقل کرتے ہوئے ان سے جبراً جسم فروشی کا کاروبار کر رہے تھے ۔ انسانی سوداگری میں ملوث اس بدنام زمانہ ٹولی کا اصل سرغنہ سہیل حسین بتایا گیا ہے ۔ کشائی گوڑہ پولیس نے حالیہ دنوں ایک کارروائی میں اس شخص کو گرفتار کرلیا تھا ۔ سہیل 10 سال قبل بنگلہ دیش سے ہندوستان آیا جس کے پاس کوئی پاسپورٹ اور ویزا نہیں تھا ۔ بنگلور میں قیام کے دوران اس نے اپنا شناختی کارڈ بنوالیا اور حیدرآباد منتقل ہونے کے بعد حفیظ پیٹ کے علاقہ میں قیام کرنے لگا ۔ 4 سال قبل اس نے شادی کی تھی اور شادی کے بعد میاں بیوی نے منصوبہ بند طریقہ سے جسم فروشی کا کا روبار شروع کیا ۔ پولیس نے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔