بنگلہ دیشی ٹسٹ ٹیم کا آج پاکستان آمد،جمعہ کو پہلا ٹسٹ

   

کراچی۔4 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹسٹ میچ کے لیے بہتر تیاری نہیں۔ ہم ہمیشہ ٹسٹ میچ سے سات آٹھ روز پہلے جانا چاہتے ہیں۔ ٹسٹ میچ سے پہلے وارم اپ میچ کھیلنا اور دو پریکٹس سیشن ہونا بہتر ہوتا ہے۔ ٹسٹ سے پہلے ایسا کچھ نہیں ،چہارشنبہ کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔ جمعرات کو پریکٹس اور جمعہ کو میچ کھیلیں گے لیکن ہم اس کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پنڈی ٹسٹ میچ میں شرکت کے لیے چہارشبنہ کی صبح اسلام آباد پہنچے گی جبکہ پاکستانی ٹسٹ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں نے رپورٹ کردی۔ پاکستان ٹسٹ کرکٹ ٹیم میچ کے لیے اپنے تربیتی سیشن کا آغاز کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم چہارشبنہ کی دوپہر پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پریکٹس کرے گی۔ جمعرات کو دونوں کپتان پریس کانفرنس کریں گے اور ٹرافی کی رونمائی میں حصہ لیں گے۔ روانگی سے قبل بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں کرکٹ میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ ہم پاکستان ٹیم کو پریشان کرسکتے ہیں۔ پاکستان کو شکست دینے کے لئے ہمیں مثبت انداز میں میدان میں اترنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمیم اقبال اور دیگر بیٹسمینوں کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنزبنانے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔