بنگلہ دیشی ٹیم کا کوچنگ عملہ دورہ پاکستان سے دستبردار

   

ڈھاکہ۔18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین مشفیق الرحیم اورکوچنگ اسٹاف کے پانچ اراکین دورہ پاکستان سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم تین ٹی20 اور ایک ٹسٹ میچ کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی لیکن دورے سے قبل ہی ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے پاکستان جانے سے انکارکردیا جبکہ بنگلہ دیش کے کوچنگ اسٹاف کے5 اراکین بھی دورے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ تاہم مشفیق نے تسلیم کیا پاکستان کی صورتحال تیزی سے بہترہو رہی ہے اور جیسے ہی میں اگلے دوسال میں مزید ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی تو میرا بھی دورے کے لیے اعتماد بحال ہو جائے گا۔دوسری جانب بنگلہ دیش کے بیٹنگ اور فیلدنگ کوچ سمیت کوچنگ اسٹاف کے پانچ اراکین دورہ پاکستان سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کرکٹ آپریشنز اکرم خان نے تصدیق کی ہے کہ بیٹنگ کوچ نیل میکنزی، فیلڈنگ کوچ ریان کک دورہ پاکستان سے دستبردارہوگئے ہیں جبکہ بولنگ کوچ کی ہم ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔ مشفیق نے اس فیصلے کی وجہ اپنے اہلخانہ کے تحفظات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی20، ٹسٹ یا ونڈے کسی بھی میچ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔