بنگلہ دیشی ٹیم کی پاکستان آمد ، جمعہ کو پہلا ٹسٹ

   

اسلام آباد ۔5 فروری ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں ٹسٹ سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم ایک مرتبہ پھر پاکستان پہنچ گئی جہاں وہ 2003 کے بعد پاک سرزمین پر پہلا ٹسٹ میچ کھیلے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹوئنٹی20 میچز اور 2 ٹسٹ میچز کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورے کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا کیونکہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتے تھے۔تاہم پاکستان نے 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ اگر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹسٹ میچز پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیمیں پاکستان میں تقریباً 17 سال قبل مدمقابل آئیں تھیں۔ پاکستان نے 2003 میں کھیلی گئی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 صفر سے شکست دی تھی۔ پاکستان پہنچنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم میں ان کے سینئر کھلاڑی مشفق الرحیم بھی شامل ہیں جو ٹوئنٹی20 سیریز کھیلنے پاکستان نہیں پہنچے تھے۔ اس سے قبل میجر (ر) حسین امام کی سربراہی میں بنگلہ دیش کا 3 رکنی سیکیورٹی وفد نے راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا اور پاکستانی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ کے درمیان پہلا ٹسٹ میچ 7 فروری (جمعہ) کو راولپنڈی میں ہوگا۔ پہلے ٹسٹ کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ ہفتے چہارشنبہ کووطن واپس روانہ ہوجائے گی اور پھر ماہ اپریل میں واپس آکر ونڈے انٹرنیشنل میچ اورکراچی میں دوسرا ٹسٹ میچ کھیلے گی۔
ولیمسن خلاف دوسرے ونڈے سے بھی باہر
ویلنگٹن۔5 فروری ( سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کندھے کے زخم کے باعث ہندوستان کیخلاف تین ونڈے میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے سے باہر ہوگئے۔ ان کی عدم موجودگی میں ٹام لیتھم کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بیٹنگ کے شعبے میں مضبوطی کیلئے مارک چیپ مین کو طلب کیا گیا ہے۔ پہلے میچ میں کامیابی کے ذریعہ میزبان ٹیم نے سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ۔