بنگلہ دیشی ٹیم کے کوچ پاکستان کے دورہ کے خواہاں

   

ڈھاکہ ۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رسل ڈومینگو نے کہا ہے کہ اگر بورڈ نے اجازت دی تو وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہیں گے۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق رسل ڈومینگو نے کہا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورے کے لیے حامی بھری تو وہ پاکستان جائیں گے۔ میں ان لوگوں میں سے ہوں جو دورہ کرنا چاہتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو میں جاوں گا۔ ڈومینگو نے کہا کہ میرے خیال میں ہم اس معاملے پر اسی وقت بات کر سکتے ہیں جب ایک مرتبہ یہ فیصلہ ہوجائے، ہمیں کرکٹ بورڈ سے بات کرنے کی ضرورت ہے اور بورڈ فیصلہ کرے گا کہ اگلا لائحہ کیا ہوگا۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کا دورہ پاکستان رواں ماہ مقرر ہے اوردورے میں ٹوئنٹی 20 اورٹسٹ میچ کھیلے جائیں گے لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ٹسٹ سیریزکو کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی جس کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسترد کرتے ہوئے اس کی ٹھوس وجوہات کا مطالبہ کیا تھا۔پی سی بی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی دوٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں لہٰذا پاکستان میں ٹسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ بتائی جائے۔