سلہٹ، 15 نومبر (آئی اے این ایس) بنگلہ دیش نے سلہٹ ٹسٹ میں آئرلینڈ کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے کر چار دنوں میں میچ اپنے نام کر لیا۔ کامیابی میں حسن معراج کی 4 وکٹیں اور محمودال حسن جوئے (171) اورکپتان نجم الحسن شانتو (100) کی شاندار سنچریاں نمایاں رہیں۔ آئرلینڈ کی جانب سے سب سے بہتر کارکردگی اینڈی مکبرائن نے دکھائی، جنہوں نے 52 رنز بناکرکپتان اینڈی بالبرنی کے ساتھ ساتویں وکٹ پر66 رنز جوڑے۔ بالبرنی انجری کے باعث آٹھویں نمبر پرکھیلنے آئے اور 38 رنزبناکر آوٹ ہوئے۔ لنچ کے فوراً بعد نہید رانا نے مکبرائن کو آؤٹ کیا، جس کے بعد بیری میکارتھی (25) اور جورڈن نیل (36) نے نویں وکٹ پر 54 رنزکی شراکت سے کچھ مزاحمت دکھائی، مگر میچ نہ بچا سکے۔