بنگلہ دیش : بچوں میں سخت جان وائرس کا انکشاف ، عالمی خطرے کا انتباہ

   

ڈھاکہ : امریکی اور بنگلہ دیشی سائنسدانوں نے مشترکہ تحقیق کے بعد خبردار کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں 5سال سے کم عمر بچوں میں سخت جان وائرس سامنے آئے ہیں ، جن پر اینٹی بائیوٹک کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ماہرین کا کہناہے کہ اگر ان جراثیم کو روکا نہ گیا تو یہ ساری دنیا میں پھیل سکتے ہیں۔یہ تحقیق بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکاکے مختلف اسپتالوں میں نمونیا کے باعث داخل کیے جانے والے ہزاروں بچوں پر کی گئی۔ ان میں سے 108 بچے خطرناک جرثوموں کی 5اقسام سے متاثر پائے گئے۔ ان اقسام کے خلاف کسی بھی طرح کی اینٹی بایوٹک دوا اثر نہیں کررہی تھی۔ ان میں سے 31 بچے دورانِ تحقیق ہی موت کے منہ میں چلے گئے۔آکسفورڈ اکیڈمک کے ایک تحقیقی مجلے ’’اوپن فورم انفیکشس ڈزیزز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہونے والی رپورٹ میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ مسئلہ بنگلہ دیش کے کسی ایک شہر یا چند اسپتالوں کا نہیں بلکہ ایک سنگین عالمی مسئلہ ہے ، جس پر قابو پانے کی فوری اور اشد ضرورت ہے۔